Diyar-e-hijrat mein dil ki wahshat mitane wala koi nahin hai
دیارِ ہجرت میں دل کی وحشت، مٹانے والا کوئی نہیں ہےسوائے رب کے، ہوائے تازہ چلانے والا کوئی نہیں ہے
نئی زمیں ہے قدم سے لپٹی، فلک بھی سر پر ہے اجنبی سااگر میں کھو جاؤں، راستوں کا بتانے والا کوئی نہیں ہے
یہ عمر کا آخری دوراہا، نہ جانے لے جائے اب کدھر کونئی رُتوں میں سفر کا نقشہ بنانے والا کوئی نہیں ہے
اگرچہ دشوار ہے بہت ہی، میں بھیڑ سے بچ کے چل رہی ہوںکہ گر گئی میں تو مجھ کو بڑھ کر، اُٹھانے والا کوئی نہیں ہے
سنا ہے بازارِ جاں میں اب کے فروخت ہوگی ہر اک تمنااور اس قیامت سے اب دلوں کو بچانے والا کوئی نہیں ہے
تماشا گاہوں میں جبرِ پیہم کی کوئی تمثیل چل رہی ہےلہو ہیں آنکھیں، مگر یہ پردہ گرانے والا کوئی نہیں ہے
جو لوگ گزرے تھے سرخرو ہو کے راہِ اُلفت میں ہم سے پہلےوہ راز کیا تھا، ہنر یہ ہم کو سکھانے والا کوئی نہیں ہے
دیے لگاتار بجھ رہے ہیں تو بڑھ رہا ہے بہت اندھیراچراغ سے اب چراغ شاید جلانے والا کوئی نہیں ہے
نصاب یاں کا ہے، اپنے اپنے دکھوں میں تنہا سلگتے رہنایہ مکتبِ عشق ہے، کسی کو پڑھانے والا کوئی نہیں ہے
بیانیوں سے لگا رہے ہیں جو لوگ نفرت کی آگ ہر پلیہ سوچ لیں وہ، اس آگ کو اب بجھانے والا کوئی نہیں ہے
میں ٹوٹتے اور بکھرتے رشتوں کو جوڑنے میں مگن ہوں لیکنہے یہ بھی سچ کہ، مجھی کو مجھ سے ملانے والا کوئی نہیں ہے
رفاقتوں کے سفر میں میں نے یہ کہہ کے تھاما ہے ہاتھ تیرارُلانے والے تو ہیں ہزاروں، ہنسانے والا کوئی نہیں ہے
مرے قبیلے کے سربراہوں کی غفلتیں بھی کمال کی ہیںکہ گہری نیندوں میں کب سے گم ہیں، جگانے والا کوئی نہیں ہے
سماعت و لحن کی یہ قربت، یہ لمس و خوشبو کا سارا جادواب ان حوالوں سے نغمۂ جاں سنانے والا کوئی نہیں ہے
یہ سارا سودا ہے منصبوں کا، تمام قیمت ہے خلعتوں کیکہ سچے الفاظ کی کمائی، کمانے والا کوئی نہیں ہے
کسی پہ الزام کیوں دھریں اب، جو فصل بوئی تھی ہم نے کاٹیہمیں خود اپنی تباہیوں سے بچانے والا کوئی نہیں ہے
وہ میرا خالق جو میری سوچوں میں رولتا ہے سخن کے موتیجہانِ دانش میں اُس کے جیسے خزانے والا کوئی نہیں ہے
