←  All ghazals

Jo kinar-e-qulzum-e-bekaraan, mere shehryar ka shehr hai

nazm  ·  13 couplets  ·  Restlessness اضطراب

جو کنارِ قلزمِ بیکراں، مرے شہریار کا شہر ہےیہ ہے ایک خطۂ جانفزا، کسی ذی وقار کا شہر ہے

  1. یہ عجب مثال کا شہر تھا، یہ بہت کمال کا شہر تھامگر اب بہ رنگِ ملال یہ، غمِ بے شمار کا شہر ہے

  2. اسے سوچتا ہی نہیں کوئی، اسے پوچھتا ہی نہیں کوئییہ جو اختیار کا شہر تھا، یہ جو اعتبار کا شہر ہے

  3. یہاں اک ہجوم ہے بیکراں، یہاں سب کو چاہیے اب اماںکہ یہ بے گھروں کا ہے سائباں، غمِ روزگار کا شہر ہے

  4. یہاں بے یقیں سے جو لوگ ہیں، کسی انتظار میں مبتلایہ ہزیمتوں کے سفر میں ہیں کہ یہ انتشار کا شہر ہے

  5. یہاں لوگ خوف سے مر گئے، یہاں خاندان اُجڑ گئےیہ ہے اشک و آہ کی رہگزر، دلِ بیقرار کا شہر ہے

  6. یہاں بے دریغ جفا ہوئی، یہاں کربلا بھی بپا ہوئییہ گروہِ خیر کی قتل گہہ، یہ ستم شعار کا شہر ہے

  7. یہاں رہبری کا فریب ہے، یہاں خوبیوں میں بھی عیب ہےیہاں لمحہ لمحہ تضاد ہے کہ یہ نور و نار کا شہر ہے

  8. یہ قدم قدم پہ منافرت، یہ عداوتیں، یہ مخاصمتمجھے جانے کیوں یہ گمان تھا کہ یہ صرف پیار کا شہر ہے!

  9. یہاں عزتوں کے بھی نرخ ہیں، یہاں شہرتوں کے بھی دام ہیںیہاں سب برائے فروخت ہے کہ یہ کاروبار کا شہر ہے

  10. یہاں اُلفتوں کے سبو بھی ہیں، یہاں ارد گرد عدو بھی ہیںیہاں پھول بھی ہیں ببول بھی، یہ گلاب و خار کا شہر ہے

  11. یہاں فرصتوں کی ہیں قلتیں، یہاں سب کو روز ہیں عجلتیںیہاں گفتگو کو نہ طول دو کہ یہ اختصار کا شہر ہے

  12. چلو اک دفینۂ خواب کو، کوئی حال دل کا سنائیں ابہے سپردِ خاک کوئی یہاں، یہ کسی مزار کا شہر ہے

Listen to her recite it  →